مشہور و معروف اداکار سلمان خان اپنے منفرد انداز سے ہمیشہ لوگوں کو متاثر کرتے رہے ہیں۔ اب ان کا ’گاندھی گیری‘ کا دلچسپ انداز بھی لوگوں کو خوب پسند آ رہا ہے۔ دراصل اپنی فلم ’اتنم: دی فائنل ٹروتھ‘ کے پروموشن کے لیے احمد آباد پہنچے سلمان نے سابرمتی واقع گاندھی آشرم میں چرخہ چلا کر ’گاندھی گیری‘ کا اپنا انوکھا انداز لوگوں کو دکھایا۔ سلمان کے چرخہ چلانے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں۔
سابرمتی آشرم میں سلمان خان ہرے رنگ کی ٹی شرٹ کے ساتھ جینس پہنے نظر آ رہے ہیں۔ سلمان فرش پر بیٹھ کر غور سے یہ دیکھتے نظر آ رہے ہیں کہ آخر چرخہ کس طرح کام کرتا ہے۔ اس کے بعد وہ چرکھے سے کتائی کرنے کی کوشش بھی کرتے نظر آئے۔ ویڈیو میں ساتھ میں بیٹھی ایک خاتون سلمان خان کو چرخہ چلانے میں رہنمائی کر رہی ہیں۔ بعد میں سلمان خان نے سابرمتی آشرم کے گیسٹ بُک پر اپنا ایک خاص پیغام بھی لکھا۔
واضح ہو کہ دو سال کے انتظار کے بعد سلمان خان اور آیوش شرما کی فلم ’انتم‘ سنیما گھروں میں ریلیز ہو چکی ہے۔ لوگوں کو اس فلم کا بے صبری سے انتظار تھا۔ فلم میں سلمان خان کے ساتھ ساتھ آیوش نے بھی بہترین اداکاری کی ہے جس سے ان کے شیدائیوں کو کافی خوشی ملی ہے۔ کورونا بحران میں سلمان کی یہ دوسری فلم ریلیز ہوئی ہے۔ ان کی آخری فلم ’رادھے‘ او ٹی ٹی پر ریلیز ہوئی تھی۔