بالی ووڈ کے مشہور و معروف اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر دھمکی آمیز خط ملنے کا معمہ حل ہو گیا ہے۔ اس سلسلے میں پونے پولس نے سوربھ مہاکال نامی ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ پوچھ تاچھ کے دوران اس نے خط سے متعلق کئی حقائق سے پردہ اٹھا دیا۔ اس سلسلے میں پولس نے کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے، لیکن ذرائع کے حوالے سے آ رہی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ سوربھ مہاکال کے تار سدھو موسیٰ والا کے قتل سے بھی جڑے ہوئے ہیں۔
ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز پونے کی دیہی پولس نے مفرور سوربھ مہاکال کو مکوکا کے تحت گرفتار کیا۔ سدھو موسیٰ والا قتل معاملے میں بھی پولس اس کی تلاش کر رہی تھی۔ سوربھ سے پوچھ تاچھ اب بھی جاری ہے، لیکن یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ موسیٰ والا قتل معاملے میں اس کا براہ راست کوئی کردار تھا یا نہیں۔ حالانکہ ایسے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں کہ آنے والے دنوں میں کئی رازوں سے پردہ اٹھ سکتا ہے۔
غور طلب ہے کہ سلمان خان کی رہائش کے باہر برآمد دھمکی آمیز خط میں لکھا تھا کہ ’’سلیم خان، سلمان خان بہت جلد آپ کا موسیٰ والا جیسا حال ہوگا۔ جی بی، ایل بی…۔‘‘ اس معاملہ میں سلمان اور ان کے والد سلیم خان سمیت کچھ دیگر افراد کا بیان ممبئی پولس نے پہلے ہی درج کر لیا ہے۔ 8 جون کو ممبئی پولس نے دہلی میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی سے بھی پوچھ تاچھ کی۔