ہر دلعزیز اداکار شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ اس وقت باکس آفس پر خوب دھمال مچا رہی ہے۔ یہ فلم یش راج فلمز کے ’اسپائی یونیورس‘ (جاسوسی کائنات) کو ایک نئی شناخت دیتی ہوئی معلوم ہو رہی ہے۔ فلم ’پٹھان‘ میں سلمان خان کی موجودگی نے جہاں فلم ناظرین میں جوش بھر دیا تھا، وہیں دو الگ الگ جاسوسی فلموں کے کردار کا ملن دیکھنا بھی دلچسپ رہا۔ فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ میں سلمان خان نے جو کردار نبھایا تھا، فلم ’پٹھان‘ میں اس کی انٹری واقعی سونے پر سہاگہ رہی۔
فلم شائقین کے لیے نئی خوشخبری یہ ہے کہ ایک بار پھر یش راج فلمز کے تحت بنی دو جاسوسی فلموں کے اہم کردار کا ملن ہونے والا ہے۔ اس بار فلم ہوگی ’ٹائیگر 3‘، اور اس میں انٹری ہوگی فلم ’پٹھان‘ کے جاسوس، یعنی شاہ رخ خان کی۔ گویا کہ ایک بار پھر سلمان خان اور شاہ رخ خان پردے پر ایک ساتھ نظر آنے والے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ’ٹائیگر 3‘ کے ایک اسپیشل سیکوئنس کے لیے سلمان-شاہ رخ آئندہ اپریل میں شوٹنگ کریں گے۔
غور طلب ہے کہ یش راج فلمز نے اپنا ایک ’اسپائی یونیورس‘ تیار کر لیا ہے جس میں سلمان خان (ایک تھا ٹائیگر) اور شاہ رخ خان (پٹھان) کے علاوہ ریتک روشن اور ٹائیگر شراف (وار) بھی شامل ہیں۔ اب فلم شائقین انتظار کر رہے ہیں کہ فلم ’وار‘ میں کلیدی کردار نبھانے والے ریتک روشن اور ٹائیگر شراف کا سلمان خان یا پھر شاہ رخ خان کے ساتھ ملن کب ہوگا۔