سری نگر کے میئر پرویز احمد قادری نے گزشتہ 14 نومبر کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک پوسٹ کیا تھا۔ اس میں بتایا تھا کہ کس طرح سری نگر کے ایس ایس پی سندیپ چودھری نے 90 سالہ بزرگ عبدالرحمن کی مدد کر انسانیت کی بہترین مثال پیش کی۔ اب سوشل میڈیا پر سندیپ چودھری کے نیک عمل کی خوب تعریف ہو رہی ہے۔ کوئی کہہ رہا ہے کہ ہر افسر کو ایسا ہی نیک دل ہونا چاہیے، تو کوئی ان کی طویل زندگی کی دعاء کر رہا ہے۔
دراصل 90 سالہ عبدالرحمن کے گھر کچھ دن پہلے لوٹ کا واقعہ پیش آیا تھا۔ جب یہ خبر سری نگر پولس اور ایس ایس پی سندیپ چودھری کو ملی تو پوری تفصیل پتہ کی۔ معلوم ہوا کہ عبدالرحمن چنا اور کچھ دوسری چیزیں فروخت کر اپنی زندگی گزارتے ہیں۔ ساری جمع پونجی لوٹ لیے جانے سے وہ پریشان تھے، اور یہ دیکھتے ہوئے سندیپ چودھری نے ایک لاکھ روپے کی مالی مدد کی۔ اب عبدالرحمن بہت خوش ہیں اور سری نگر پولس کو دعائیں دے رہے ہیں۔
قابل غور یہ ہے کہ عبدالرحمن نے اپنی آخری رسومات کے لیے گھر میں پیسے جمع کر رکھے تھے۔ یہ بات سری نگر کے میئر پرویز احمد قادری نے اپنے ٹوئٹ میں بھی بتائی تھی۔ اس ٹوئٹ کو کئی لوگوں نے ری ٹوئٹ کیا ہے اور خوب تبصرے بھی سامنے آ رہے ہیں۔ ایک یوزر نے لکھا ہے کہ اب عبدالرحمن کی زندگی میں اجالا آئے گا اور وہ خوشی سے رہ سکے گا۔