بالی ووڈ میں ان دنوں ریمیک اور سیکویل فلموں کا دور چل رہا ہے۔ ایسے میں جن فلموں کے سیکویل کا لوگوں کو سب سے زیادہ انتظار ہے ان میں سنجے دت کی’منّا بھائی‘ بھی شامل ہے۔ سنجے دت نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ وہ راجو ہیرانی کو ’منا بھائی 3‘ بنانے کے لیے کہہ کہہ کر تھک چکے ہیں، لیکن اب تک فلم پر کام شروع نہیں ہوا ہے۔

ناگپور میں ’خاصدار ثقافتی مہوتسو‘ میں شریک سنجے دت نے ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ کے 19 سال مکمل ہونے پر کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ راج کمار ہیرانی ’منّا بھائی-3‘ بنائیں۔ انہوں نے آگے کہا کہ ’’میں راجو ہیرانی سے درخواست کرتے کرتے تھک گیا ہوں۔ چونکہ وہ ناگپور سے ہیں اس لیے میں ناگپور کے باشندوں سے اپیل کرتا ہوں کہ ’منا بھائی 3‘ فرنچائزی بنانے کے لیے ان پر دباؤ ڈالیں۔‘‘

غور طلب ہے کہ منا بھائی سیریز کی پہلی دونوں فلمیں کافی کامیاب ہوئی تھیں۔ اس نے کئی فلم فیئر اور نیشنل ایوارڈ اپنی جھولی میں ڈالے۔ فلم کے پیغام کی وجہ سے فلم ناقدین نے بھی اس کی خوب تعریف کی تھی۔ ’لگے رہو منّا بھائی‘ کی کامیابی کے بعد سے ہی لوگ اگلے پارٹ کے منتظر ہیں۔ حالانکہ اس سلسلے میں 12-14 سال پہلے ’منّا بھائی چلے امریکہ‘ کا ایک پرومو سامنے آیا تھا، جسے منّا بھائی سیریز کا تیسرا حصہ مانا جارہا تھا، لیکن اس پر آگے کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی اور لوگوں کا انتظار جاری ہے۔