بالی ووڈ فلموں میں اکثر بڑے بڑے اداکاروں کو اپنے بیٹوں کے ساتھ اسکرین شیئر کرتے ہوئے دیکھا گیا ہے، لیکن اس کے برعکس شاذ و نادر ہی ماضی کی اداکارائیں اپنی بیٹیوں کے ساتھ فلموں میں پورے طور پر نظر آتی ہیں۔ امرتا سنگھ اور سارہ علی خان کو بھی فلم شائقین شاید ایک ساتھ اداکاری کرتے ہوئے نہ دیکھ پائیں۔ یہ اندیشہ سارہ علی خان نے خود ہی ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ان کی ماں کو ان کے ساتھ کام کرنا پسند نہیں ہے۔
اپنی فلم ’اَترنگی رے‘ کے پروموشن میں مصروف سارہ سے جب میڈیا نے سوال کیا کہ کیا وہ کبھی اپنی والدہ کے ساتھ بڑے پردے پر اسکرین شیئر کرتی ہوئی نظر آئیں گی؟ جواب میں سارہ نے کہا کہ ان کی والدہ کو ان کے ساتھ کام کرنا پسند نہیں۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے سارہ کا کہنا ہے کہ ’’مجھے لگتا ہے وہ میری ماں ہیں اس لیے میرے ساتھ کبھی کام نہیں کرنا چاہیں گی۔‘‘
سارہ علی خان نے ماں کے ساتھ فلم میں کام کرنے پر ہونے والی پریشانی کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اگر فلم کے کسی شاٹ میں میرے چہرے پر بال آ جائیں گے تو ماں شوٹنگ بیچ میں ہی رکوا دے گی، اور میرے بالوں کو ٹھیک کرنے لگے گی۔ میں ان کی بیٹی ہوں اس لیے وہ چاہیں گی کہ میں ہمیشہ بیسٹ نظر آؤں۔ مجھے نہیں لگتا میں انہیں کبھی اس طرح کی حالت میں ڈالنا چاہوں گی۔‘‘