جواں سال اداکارہ سارہ علی خان سوشل میڈیا پر کافی سرگرم نظر آتی ہیں۔ وہ لگاتار اپنے شیدائیوں کے لیے تصاویر اور دلچسپ ویڈیوز شیئر کرتی رہتی ہیں۔ اب انہوں نے ایک ایسا ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں وہ میک اَپ کروا رہی ہیں، اور اچانک ان کے چہرے کے پاس ایک بلب پھوٹ جاتا ہے۔ اس حادثہ سے ان کی چیخ نکل جاتی ہے۔ خوش قسمتی کی بات ہے کہ انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سارہ علی خان اپنی وینیٹی میں بیٹھی ہیں اور میک اَپ آرٹسٹ انھیں تیار کر رہے ہیں۔ اس دوران ان کی ٹیم کا ایک شخص ان سے کچھ پوچھتا ہے جس پر سارہ کہتی ہیں ’’جیتو سے کہہ دو ناریل پانی لا دے۔‘‘ اس کے بعد میک اَپ آرٹسٹ جیسے ہی پیچھے مڑتا ہے اچانک سارہ کے چہرے کے سامنے لگا بلب پھٹ جاتا ہے۔ سارہ بلب پھٹنے کی آواز سے چونک کر کان بند کر لیتی ہیں اور منھ نیچے چھپا لیتی ہیں۔ غنیمت رہی کہ بلب کا کوئی ٹکڑا سارہ کے چہرے پر نہیں لگا اور انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
سارہ علی خان نے اپنے ساتھ ہوئے اس حادثے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے گھوسٹ بلب اور ایکسپلوزن اموجی بھی لگائی ہے۔ واضح رہے کہ سارہ ابھی اندور میں وکی کوشل کے ساتھ اپنی نئی فلم کی شوٹنگ کر رہی ہیں۔ گزشتہ دنوں ہی فلم کے سیٹس سے سارہ اور وکی کی کچھ تصویریں سامنے آئی تھیں جس میں دونوں بائک رائیڈ کرتے نظر آرہے تھے۔