دوشنبہ، تاجکستان: سردار پٹیل کے 148ویں یوم ولادت کے موقع پر آج ڈپارٹمنٹ آف انڈین فیلولوجی، تاجک نیشنل یونیورسٹی کے زیر اہتمام خصوصی لکچر کا انعقاد بعنوان ’ہندوستان کی تعمیر نو میں سردار پٹیل کا کردار‘ کیا گیا جسے آئی سی سی آر ہندی-اردو چیئر کے وزیٹنگ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق صدف نے پیش کیا۔
اپنے لکچر میں ڈاکٹر مشتاق صدف نے کہا کہ ’’سردار پٹیل ایک روشن دماغ رہنما تھے اور ایسے رہنما صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج کا دن ’راشٹریہ ایکتا دیوس‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔‘‘ ڈاکٹر مشتاق مزید کہتے ہیں ’’ہندوستان کے عظیم سیاسی و سماجی رہنما سردار ولبھ بھائی پٹیل نے تحریک آزادیٔ ہند اور ہندوستان کی تعمیر نو میں کلیدی کردار نبھایا۔ ان کی گرانقدر خدمات کو ہندوستان کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ وہ ہندوستان کو بلندیوں پر دیکھنا چاہتے تھے اور ان کا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہو چکا ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’مرد آہن سردار پٹیل نے ہی انگریزوں کے خلاف بھارت چھوڑو تحریک کو منظم اور مضبوط کیا تھا۔‘‘
تقریب کی صدارت تاجک نیشنل یونیورسٹی کے شعبہ ہندی-اردو میں پروفیسر پدم شری رجب حبیب اللہ نے کی، جبکہ تعارفی کلمات صدر شعبہ ہندی-اردو ڈاکٹر قربانوف حیدر نے پیش کیے۔ اس تقریب میں اساتذہ ڈاکٹر علی خان، محترمہ یوروا صباحت اور محترمہ شیرین کے ساتھ ساتھ طلبا و طالبات نے بھی شرکت کی۔ اس دوران پروفیسر رجب حبیب اللہ کی کتاب ’ہندوستان کا دیدار کرنا ضروری ہے‘ اسٹوڈنٹس میں تقسیم کی گئی۔ اس کتاب میں ایک باب سردار پٹیل پر بھی شامل ہے۔