دوشنبہ، تاجکستان: 31 اکتوبر کو تاجک نیشنل یونیورسٹی اور تاجک اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف لینگویجز میں سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش پر انڈیا اسٹڈی سینٹرز کے زیر اہتمام ایک خصوصی لیکچر بعنوان ’متحدہ بھارت، قومی یکجہتی اور سردار پٹیل‘ منعقد کیا گیا۔ یہ لیکچر ہندی-اردو آئی سی سی آر چیئر کے ویزیٹنگ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق صدف نے پیش کیا۔

ڈاکٹر مشتاق صدف نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’’سردار ولبھ بھائی پٹیل نے اولین نائب وزیر اعظم اور اولین وزیر داخلہ کی حیثیت سے متحدہ بھارت کی تشکیل میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ہمیشہ قومی اتحاد، قومی یکجہتی اور وطن دوستی کا پیغام دیا۔ حصول آزادی کے بعد تقسیم کا بحران، نیا نظامِ حکومت بنانے کا سوال اور نیا دستور ہند بنانے کا چیلنج تھا۔ اور سب سے بڑا کام 500 سے زائد الگ الگ ریاستوں کو یونین آف انڈیا میں شامل کرانے کا بھی تھا۔ ان ذمہ داریوں کو سردار پٹیل نے بحسن وخوبی انجام دیا۔‘‘

اس جلسہ کی صدارت پدم شری پروفیسر رجب حبیب اللہ نے کی۔ جلسہ کے آغاز میں شعبہ اردو-ہندی کے چیئرمین پروفیسر قربانوف حیدر نے بھی سردار پٹیل کی شخصیت پرروشنی ڈالی۔ اس موقع پر شعبہ کے دیگر اساتذہ  علی خان لطیفو، صباحت، استد بی بی اور شیرین موجود تھیں۔ علاوہ ازیں تاجک اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف لینگویجز بنام سوتم الغزادہ میں ہندی کے اساتذہ میں سید زادہ اویس الدین، اہتم شاہ یونسی، رخسانہ جعفروا وغیرہ کے ساتھ ہندی، عربی و فارسی زبانوں کے طلبا و طالبات نے بھی شرکت کی۔