سابق ہندوستانی کپتان سورو گانگولی میدان پر ایک مرتبہ پھر اپنا پرانا رنگ دکھاتے ہوئے نظر آئے۔ انھوں نے اپنی ایک چھوٹی سی اننگ کے دوران چوکا بھی لگایا اور چھکّا بھی۔ بی سی سی آئی پریسیڈنٹ-11 اور بی سی سی آئی سکریٹری-11 کے درمیان 3 دسمبر کو کھیلے گئے ایک نمائشی میچ میں گانگولی نے صرف 20 گیندوں میں 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 35 رن بنائے۔ حالانکہ ان کی ٹیم جئے شاہ کی قیادت والی بی سی سی آئی سکریٹری-11 سے 1 رن سے ہار گئی۔

بی سی سی آئی کی عام سالانہ میٹنگ سے قبل کی شام کولکاتا کے مشہور ایڈن گارڈن میں 15-15 اووروں کا نمائشی میچ کھیلا گیا۔ سکریٹری-11 نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ اووروں میں 128 رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کردیا۔ پریسیڈنٹ-11 کی طرف سے  اظہرالدین نے 2 اوور میں صرف 8  رن دیے جبکہ سورو گانگولی نے 3 اوور میں 19 رن خرچ کیے۔

129 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری گانگلولی کی ٹیم میں شامل ایڈن گارڈن کے پسندیدہ کھلاڑی اور سابق ہندوستانی کپتان اظہر الدین صرف 2 رن بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس کے بعد وکٹ وقفہ وقفہ پر گرتے رہے۔ آخر میں سورو گانگولی نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے 20 گیندوں میں 35 رنوں کی اننگز کھیلی لیکن اپنی ٹیم کو شکست سے نہیں بچا سکے۔ سکریٹری-11 کی طرف سے جئے شاہ نے اپنی گیندبازی سے سبھی کو متاثر کیا۔ انھوں نے اظہر الدین سمیت 3 وکٹ حاصل کیے۔