سنگھم فرنچائزی کی فلموں کو پسند کرنے والے ناظرین کے لیے خوشخبری ہے۔ اس فرنچائزی کی تیسری قسط کی شوٹنگ کے لیے شیڈیول تیار ہو گیا ہے۔ حالانکہ یہ شیڈیول ایک سال بعد کا ہے۔ ڈائریکٹر روہت شیٹی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اگر 2022 کے نومبر-دسمبر میں فلم کی شوٹنگ شروع کرتے ہیں، تو اسے مکمل کرنے میں تقریباً 7 ماہ لگیں گے۔ یہ ایک بڑی ایکشن فلم ہے، اس لیے اتنا وقت درکار ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے اجے سر کے پاس پہلے سے ہی کافی بیک لاگ ہے۔ اس لیے ہم اگلے سال کے آخر تک فلم کی شوٹنگ شروع نہیں کر رہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ’سوریہ ونشی‘ کے ایکسائٹمنٹ کی وجہ سے لوگ ’سنگھم-3‘ چاہتے ہیں لیکن تکنیکی طور سے ہم 2023 تک فلم کو ریلیز نہیں کریں گے۔

روہت شیٹی نے کہا کہ ہماری ٹیم کے پاس ’سنگھم-3‘ کی کہانی کے بارے میں آئیڈیا موجود ہے۔ لیکن اس سلسلے میں ابھی تک فائنل ڈرافٹ تیار نہیں کیا گیا ہے۔ غور طلب ہے کہ ’سوریہ ونشی‘ کے آخر میں ناظرین نے ’سنگھم-3‘ کا ہِنٹ محسوس کیا تھا، اور انہیں لگا تھا کہ روہت جموں و کشمیر میں دفعہ 370 کے ہٹنے کے پلاٹ پر کوئی فلم بنائیں گے۔ بہر حال، روہت کا کہنا ہے کہ ’سنگھم-3‘ بہت بعد کا کام ہے، کیونکہ وہ ہنوز رنویر سنگھ کے ساتھ کامیڈی فلم ’سرکس‘ پر توجہ دے رہے ہیں۔ دوسری طرف اجے دیوگن کے پاس بھی فلموں کی لمبی لائن ہے۔