بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) سربراہ لالو پرساد یادو کی طبیعت ایک بار پھر انتہائی خراب ہو گئی ہے۔ انھیں بہتر علاج کے لیے پٹنہ سے دہلی لے جایا جا رہا ہے۔ وہ بدھ کے روز ایئر ایمبولنس سے دہلی پہنچیں گے اور ایمس میں بغرض علاج داخل ہوں گے۔
اس درمیان بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے پٹنہ کے پارس اسپتال پہنچ کر لالو کی عیادت کی۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ ’’لالو یادو کے علاج کا سارا خرچ ریاستی حکومت اٹھائے گی، کیونکہ یہ ان کا حق بنتا ہے۔‘‘ حالانکہ لالو پرساد کی طبیعت پہلے بھی کئی بار خراب ہوئی، لیکن نتیش کمار نے توجہ نہیں دی۔ یہی وجہ ہے کہ لالو پرساد کے تئیں نتیش کمار کی اس اپنائیت کا لوگ الگ الگ مطلب نکال رہے ہیں۔
غور طلب ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ رابڑی دیوی کی سرکاری رہائش 10 سرکلر روڈ پر لالو پرساد 3 جولائی کو سیڑھیوں سے گر گئے تھے۔ اس حادثہ میں ان کے دائیں کندھے پر فریکچر ہو گیا اور کمر میں بھی چوٹ آئی ہے۔ پٹنہ میں ان کا علاج شروع ہوا لیکن پہلے سے موجود کئی بیماریوں کے سبب مسائل بڑھ گئے ہیں۔ لالو کے بیٹے اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کا کہنا ہے کہ بہتر علاج کے لیے وہ دہلی جا رہے ہیں، اور ضرورت پڑی تو سنگاپور بھی جا سکتے ہیں۔ بہرحال، نتیش کمار نے لالو پرساد کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔