مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور روڈویز نتن گڈکری نے ایک نیا اور دلچسپ قانون لانے کا تذکرہ کیا ہے۔ انھوں نے دہلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سڑک پر غلط طریقے سے گاڑی کھڑی کرنے کی عادت پر قدغن لگانے کے لیے ایک قانون لانے پر غور کر رہے ہیں۔ اس کے مطابق اگر کوئی شخص غلط طریقے سے سڑک پر کھڑی کی گئی گاڑی کی تصویر کھینچ کر بھیجے گا تو اسے 500 روپے کا انعام دیا جائے گا۔
مرکزی وزیر نتن گڈکری نے اس قانون کے تعلق سے بیان دیتے ہوئے کہا کہ ’’میں ایک قانون لانے والا ہوں کہ روڈ پر جو گاڑی کھڑی کرے گا، اس پر 1000 روپے کا جرمانہ لگایا جائے گا۔ ساتھ ہی غلط طریقے سے گاڑی کھڑی کرنے والے کی تصویر کھینچ کر بھیجنے والے کو اس میں سے 500 روپے دیے جائیں گے۔‘‘ نتن گڈکری نے اس موقع پر افسوس ظاہر کیا کہ کچھ لوگ ہیں جو اپنی گاڑی کے لیے پارکنگ نہیں بناتے۔ پارکنگ کے لیے سڑک کا استعمال کرنا ٹھیک نہیں۔
اپنے خطاب میں نتن گڈکری نے مزاحیہ انداز میں یہ بھی کہا کہ ’’ناگپور میں میرے رسوئیے کے پاس بھی دو سیکنڈ ہینڈ گاڑیاں ہیں۔ آج چار اراکین کے کنبہ کے پاس چھ کاریں ہوتی ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ دہلی کے لوگ خوش قسمت ہیں۔ ہم نے ان کی گاڑی کھڑی کرنے کے لیے سڑک بنائی ہے۔‘‘ غور طلب ہے کہ راجدھانی دہلی میں اکثر فلیٹ میں پارکنگ نہیں ہوتی۔ لوگ پارکنگ کے لیے سڑکوں کا استعمال کرتے ہیں۔