سلمان خان کی فلم ’کبھی عید، کبھی دیوالی‘ کا جب سے اعلان ہوا ہے، ان کے چاہنے والے اس انتظار میں بیٹھے ہیں کہ کب فلم کی شوٹنگ ختم ہو اور فلمی پردے پر ’بھائی جان‘ کا نئے انداز میں دیدار ہو۔ لگتا ہے اب یہ انتظار ختم ہونے والا ہے۔ جیسی خبریں سامنے آ رہی ہیں اس کے مطابق ’کبھی عید، کبھی دیوالی‘ کی ٹیم کیمرے کے ساتھ پوری طرح تیار ہے۔ سلمان خان بھی فلم کی شوٹنگ شروع کرنے کے لیے بے قرار نظر آ رہے ہیں اور جلد ہی وہ ممبئی میں شوٹ شروع کریں گے۔
’مڈ ڈے‘ کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شوٹنگ سے پہلے ہدایت کار فرہاد سامجی کی ٹیموں نے دو بڑے سیٹ تیار کیے ہیں۔ ٹیم ویلے پارلے میں گولڈن ٹوبیکو فیکٹری میں شوٹنگ شروع کرے گی، جہاں انھوں نے میٹرو اسٹیشن جیسا نظر آنے والا ایک سیٹ تیار کیا ہے۔ ٹیم کو اصل مقام پر شوٹنگ کرنا ممکن نہیں لگا کیونکہ بھیڑ کو قابو میں کرنا ایک بڑا مسئلہ ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق ویلے پارلے میں شوٹنگ 10 دنوں تک چلے گی، اور پھر فلم کے ایک بڑے حصے کی شوٹنگ کے لیے ٹیم باندرہ کے محبوب اسٹوڈیو پہنچے گی۔ ایک رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ محبوب اسٹوڈیو میں شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد فلم کے دوسرے حصے کی شوٹنگ کے لیے ٹیم حیدر آباد روانہ ہو جائے گی۔ غور طلب ہے کہ اس فلم میں سلمان خان کے علاوہ آیوش شرما، ظہیر اقبال، پوجا ہیگڑے اہم کردار میں ہوں گے۔