نئی دہلی: عدالت عظمیٰ کے ذریعہ ہیرا گولڈ ایکزم لمیٹڈ کے خلاف فریب دہی جانچ دفتر (ایس ایف آئی او) کی دلیلوں کو خارج کیے جانے کے بعد ہیرا گروپ کی چیف ایگزیکٹیو افسر ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے خوشی کا اظہار کیا اور سرمایہ کاروں کے سرمایہ کے تحفظ کے تئیں اپنے عزائم کو دہرایا ہے۔ ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ’’سرمایہ کاروں کا بھروسہ ہی ہماری طاقت اور ہماری پونجی ہے۔ ہمارا کاروبار آزاد اور غیر جانبدار ہے۔‘‘
دراصل گزشتہ 12 مئی کو عدالت عالیہ نے ڈاکٹر نوہیرا شیخ کے خلاف ایس ایف آئی او کی دھوکہ دہی سے متعلق دلیلوں کو خارج کر دیا۔ ساتھ ہی عدالت نے ایس ایف آئی او کو ہیرا گروپ کے جائز دعویداروں میں شامل ہونے کے مرکزی مسئلے پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی۔ علاوہ ازیں عدالت نے کہا کہ معاشی جرائم کے معاملات میں جانچ ایجنسی کی اصل توجہ دھوکہ دہی کرنے والے سرمایہ کاروں کو پیسہ دلانا ہونا چاہیے۔
سماعت کے دوران عدالت نے سوال کیا کہ ہیرا گروپ کے کھاتوں کو ڈی فریز کیوں نہیں کیا گیا؟ کھاتوں کے چلے بغیر ہیرا گروپ سرمایہ کاروں کو رقم کیسے واپس کرے گا؟ دعوؤں اور املاک کی تصدیق کرنے پر توجہ ہونی چاہیے اور یہ دیکھنا چاہیے کہ سرمایہ کاروں کو آسانی سے رقم کیسے واپس مل سکتی ہے۔ ہیرا گروپ کی جانب سے ہندوستان کے سابق اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے عدالت سے کہا کہ ہمیں تحفظ دیں کیونکہ ہمارے گروپ کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی جو صرف سیاسی وجوہ سے تھی۔
(پریس ریلیز)