بجرنگ دل کارکنوں نے اتوار کو مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں ’آشرم-3‘ کے سیٹ پر زبردست ہنگامہ کیا۔ ویب سیریز ’آشرم‘ کے تیسرے سیزن کی شوٹنگ کے دوران توڑ پھوڑ اور پتھر بازی کی خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ اس درمیان ویب سیریز کے ڈائریکٹر پرکاش جھا کے چہرے پر سیاہی پھینکے جانے کی بھی اطلاع ہے۔ مشہور سماجی کارکن شبنم ہاشمی نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے۔ اس میں انھوں نے لکھا ہے ’’بھوپال میں پرکاش جھا پر حملے کی سخت مذمت کرتی ہوں۔ 2014 کے بعد اظہارِ رائے کی آزادی پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ تازہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بالی ووڈ پر ہر طرف سے حملے ہو رہے ہیں۔‘‘ شبنم ہاشمی نے اس ٹوئٹ میں جنوبی ہند کے لوگوں سے یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی گزارش بھی کی ہے۔

غور طلب ہے کہ ویب سیریز ’آشرم‘ کے دو سیزن ریلیز ہو چکے ہیں۔ اس میں مشہور بالی ووڈ اداکار بابی دیول نے غلط کاریوں میں مشغول ہندو بابا کا کردار نبھایا ہے۔ بجرنگ دل لیڈر سوشیل کا کہنا ہے کہ مدھیہ پردیش کی زمین کو ہندو سماج کی بے عزتی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اگر انھیں (پرکاش جھا کو) شہرت چاہیے تو کسی دوسرے مذہب کو لے کر ویب سیریز بنائیں۔ بجرنگ دل کارکنوں نے ’آشرم-3‘ کے سیٹ پر ’پرکاش جھا مردہ باد‘، ’بابی دیول مردہ باد‘ اور ’جے شری رام‘ کے نعرے بھی بلند کیے تھے۔