لمبے وقفہ کے بعد آخرکار شاہ رخ خان کام پر لوٹ آئے ہیں۔ انھوں نے فلم ’پٹھان‘ کی شوٹنگ شروع کر دی ہے جس کی تصویریں سامنے آئی ہیں۔ شاہ رخ کو ممبئی میں سیاہ ٹی-شرٹ پہنے لمبے بالوں میں دیکھا گیا جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ شاہ رخ کے کام پر لوٹنے سے ان کے شیدائی بھی پُرجوش ہیں۔ ’پٹھان‘ کی شوٹنگ 22 دسمبر سے شروع ہو چکی ہے۔ حالانکہ اس سلسلے میں شاہ رخ نے ابھی اپنی طرف سے کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔

غور طلب ہے کہ ڈرگز معاملے میں بیٹے آرین خان کی گرفتاری کے بعد شاہ رخ کو شوٹنگ کینسل کرنی پڑی تھی۔ اس دوران انہوں نے مشکل ترین وقت گزارا، وہ گھر کے باہر بھی بہت کم نظر آتے تھے۔ میڈیا اور سوشل میڈیا سے بھی انہوں نے دوری بنا لی تھی۔ اب آرین کے جیل سے باہر آئے کافی دن ہو گئے ہیں ایسے میں وہ اپنی زندگی کو معمول پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اہلیہ گوری خان تو سوشل میڈیا پر واپس آ چکی ہیں اب شاہ رخ کے بھی جلد ہی اس پلیٹ فارم پر ایکٹیو ہونے کی امید ہے۔

’پٹھان‘ کی بات کریں تو شاہ رخ اس کے کچھ حصہ کی شوٹنگ پہلے ہی کر چکے ہیں۔ دبئی میں بھی اس کی شوٹنگ ہوئی ہے جہاں کنگ خان برج خلیفہ پر ایکشن سیکوینس کرتے نظر آئیں گے۔ فلم میں دیپیکا پادوکون اور جان ابراہم کے ساتھ ساتھ سلمان خان بھی نظر آئیں گے۔