کروز ڈرگس معاملے میں بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔ آرین سمیت جن تین ملزمین کو گرفتار کیا گیا تھا، انھیں ایک دن کے لیے این سی بی (نارکوٹکس کنٹرول بیورو) کی حراست میں بھیج دیا گیا ہے۔ یعنی آج کی رات آرین خان این سی بی دفتر میں گزاریں گے اور ان سے ڈرگس معاملے میں پوچھ تاچھ کی جائے گی۔ ویسے این سی بی نے تینوں ملزمین کو ممبئی کی قلعہ کورٹ میں پیش کرتے ہوئے دو دنوں کی حراست مانگی تھی، لیکن عدالت نے ایک دن کی حراست میں بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
آج عدالت میں این سی بی نے اپنی دلیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیٹ سے ڈیلر سے رابطہ میں رہنے کا پتہ چلا ہے اور ملزمین و ڈیلر کو آمنے سامنے بٹھا کر پوچھ تاچھ ہوگی۔ دوسری طرف معروف وکیل ستیش مانشندے نے آرین خان کی دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس سے کچھ بھی ایسا برآمد نہیں ہوا ہے جس کو ڈرگس کہا جائے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ آرین کو بطور مہمان بلایا گیا تھا اور اس نے کروز کا ٹکٹ بھی نہیں لیا تھا۔
اس درمیان شاہ رخ خان کے ساتھ ہمدردی ظاہر کرنے مشہور اداکار سلمان خان دیر رات ان کے گھر منت پہنچ گئے ہیں۔ حالانکہ اس سلسلے میں شاہ رخ اور سلمان کی طرف سے ابھی تک کوئی آفیشیل بیان سامنے نہیں آیا ہے کہ دونوں کی ملاقات کیوں ہوئی ہے۔