کیا آپ نے 1 اپریل (جمعہ) کو پنجاب کنگس کے خلاف کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کے آل راؤنڈر آندرے رسل کی بلے بازی دیکھی تھی؟ اگر نہیں دیکھی تو یقیناً آپ افسوس کریں گے۔ ایسا اس لیے کیونکہ ہائی لائٹ میں رسل کی بلے بازی دیکھ کر وہ مزہ نہیں آئے گا جو لائیو دیکھتے ہوئے آپ اٹھا سکتے تھے۔ رسل نے ایسی طوفانی بلے بازی کی جس کے دیوانے مشہور فلم اداکار شاہ رخ خان بھی ہو گئے۔ انھوں نے ایک ٹوئٹ میں یہاں تک لکھ دیا ’’ویلکم بیک میرے دوست۔ بہت عرصہ ہو گیا گیند کو اتنا اونچا اڑتے دیکھے ہوئے۔ جب آپ گیند کو ہِٹ کرتے ہو تو انھیں روک پانا بہت مشکل ہوتا ہے۔‘‘
دراصل آندرے رسل جب بلے بازی کرنے میدان پر اترے تھے تو کے کے آر کی ٹیم مشکل میں دکھائی دے رہی تھی۔ 7 اوور میں اسکور 4 وکٹ پر 51 رن تھا جبکہ جیت کے لیے 20 اوور میں 138 رن بنانے کا ہدف ملا تھا۔ کچھ گیندوں تک خاموش رہنے کے بعد جو طوفانی انداز رسل نے اختیار کیا، اسے دیکھ کر سبھی حیران رہ گئے۔ ’رَسل دی مسل‘ کے نام سے مشہور آندرے رسل نے صرف 31 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 70 رن کی اننگ کھیلی۔ نتیجہ یہ ہوا کہ 138 رنوں کا ہدف کے کے آر نے محض 14.3 اوور میں ہی حاصل کر لیا۔ اس اننگ کے ساتھ ہی رسل نے اپنے فٹنس کو لے کر اٹھ رہے سوالوں کا بھی بھرپور جواب دے دیا ہے۔