ڈرگز معاملے میں بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین کی مصیبتیں کم ہوتی نظر نہیں آ رہی ہیں۔ ایک طرف ان کی ضمانت منظور نہیں ہو رہی، اور دوسری طرف این سی بی کی کارروائی تیز ہوتی جا رہی ہے۔ اس درمیان آج صبح شاہ رخ پہلی بار بیٹے سے ملاقات کرنے جیل پہنچے۔ یہ خبر ابھی میڈیا میں گشت کر ہی رہی تھی کہ این سی بی شاہ رخ کے گھر ’منت‘ پہنچ گئی۔ این سی بی نے بتایا کہ یہ چھاپہ ماری نہیں تھی بلکہ افسران آرین سے متعلق کچھ کاغذات لینے گئے تھے۔
بہرحال، شاہ رخ نے آرتھر روڈ جیل میں اپنے بیٹے سے تقریباً 15 منٹ تک ملاقات کی۔ میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق والد سے ملاقات کے وقت آرین رو رہے تھے اور جیل کے خراب کھانے کی شکایت بھی کی۔ پھر جب شاہ رخ بیٹے سے ملاقات کر باہر نکلے تو انھوں نے میڈیا سے کوئی بات نہیں کی۔ واضح ہو کہ بدھ کو سیشن کورٹ نے آرین کی ضمانت عرضی کو خارج کر دیا تھا۔ یعنی آرین خان کو اپنی رہائی کے لیے مزید انتظار کرنا پڑے گا۔
اس درمیان خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ بامبے ہائی کورٹ میں آرین کی ضمانت عرضی پر سماعت 26 اکتوبر کو ہوگی۔ غور طلب بات یہ ہے کہ اگر آئندہ سات دنوں میں آرین کو ضمانت نہیں ملی تو اس کی مشکلیں مزید بڑھ جائیں گی۔ ایسا اس لیے کیونکہ عدالت میں دیوالی کی چھٹیاں شروع ہو جائیں گی۔