دنیائے کرکٹ کے عظیم اسپنروں میں سے ایک شین وارن کی انتقال کے 16 دنوں بعد ان کی تدفین عمل میں آ گئی۔ اس موقع پر ان کے قریبی رشتہ دار، پرانے ساتھی اور کرکٹ دنیا کے کئی لیجینڈ کھلاڑی، مثلاً ایلن بارڈر، مارک ٹیلر، مارک وا، مائیکل وان اور گلین میک گرا وغیرہ موجود تھے۔ آخری رسوم کی ادائیگی سینٹ کلدا فٹبال کلب میں ہوئی جہاں تابوت کو دفناتے وقت ایک خاص نغمہ ’فکس یو‘ (Fix You) گایا گیا۔
شین وارن کی آخری وداعی میں سبھی کی آنکھیں نم تھیں۔ خاص کر سابق تیز گیندباز میک گرا تو اتنے جذباتی ہو گئے کہ ان کی آنکھوں سے آنسو چھلک پڑے۔ دونوں ہی کھلاڑی کافی برسوں تک ایک ساتھ کھیلے اور کافی اچھے دوست بن گئے تھے۔ میک گرا نے کہا کہ وارن کے بارے میں سب سے اچھی بات یہ تھی کہ وہ جہاں بھی جاتے تھے اپنی چھاپ چھوڑ دیتے تھے۔ ان کی زندگی میں دوستوں کی کافی اہمیت تھی۔ آخری رسوم میں شرکت کے لیے انگلینڈ کے مائیکل وان بھی پہنچے تھے۔ حالانکہ وارن اور وان میدان پر ایک دوسرے کے حریف تھے لیکن میدان کے باہر دونوں گہرے دوست تھے۔
غور طلب ہے کہ شین وارن کا 4 مارچ کو تھائی لینڈ میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا تھا۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 145 میچوں میں 708 وکٹ لیے۔ آئی پی ایل سے بھی ان کا گہرا تعلق تھا۔ انہی کی کپتانی میں راجستھان رائلس نے اس کے پہلے سیزن میں ہی خطاب پر قبضہ کیا تھا۔