کانگریس کے مشہور لیڈر اور رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے پی ایم مودی کے نعرہ ’نہ کھاؤں گا، نہ کھانے دوں گا‘ کا تذکرہ کرتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جو موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ دراصل اس ٹوئٹ میں ششی تھرور نے مذکورہ نعرہ کو بیف (گائے یا بھینس کا گوشت) سے جوڑ دیا ہے۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’یہ پھیل رہا ہے، اس لیے جس طرح مجھے ملا ویسے ہی شیئر کر رہا ہوں۔ مجھے ’نہ کھاؤں گا، نہ کھانے دوں گا‘ نعرہ پر حیرانی ہوتی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ بات شاید صرف بیف کھانے کو لے کر کہی گئی ہوگی۔‘‘

قابل ذکر بات یہ ہے کہ ششی تھرور نے جو ٹوئٹ کیا ہے اس میں آٹھ لیڈروں کی ایک فہرست ہے جو یا تو بی جے پی سے تعلق رکھتے ہیں، یا پھر بی جے پی اتحاد میں شامل ہیں۔ ان سبھی پر کسی نہ کسی طرح کی بدعنوانی کا الزام ہے، لیکن کارروائی سے بچے ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ششی تھرور نے طنزیہ انداز میں کہا ہے کہ شاید پی ایم مودی کا نعرہ ’نہ کھاؤں گا، نہ کھانے دوں گا‘ بدعنوانی ختم کرنے کے لیے نہیں بلکہ بیف سے متعلق ہے۔

رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے جن لیڈروں کی فہرست جاری کی ہے ان میں آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما، کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا، سویندو ادھیکاری، بھاؤنا گولی، یشونت جادھو، یامنی جادھو، پرتاپ سرنائک اور نارائن رانے جیسے لیڈروں کے نام شامل ہیں۔