سنگر اور میوزک ڈائریکٹر وشال ڈڈلانی نے ملک کے موجودہ حالات کے پیش نظر مسلمانوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے جو سرخیوں میں ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’میں اکثریت ہندوستانی ہندوؤں کی جانب سے ہندوستانی مسلمانوں سے یہ کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کو دیکھا، سنا اور پیار کیا جاتا ہے۔ آپ کا درد ہمارا درد ہے۔ آپ کی حب الوطنی پر سوال نہیں ہے۔ آپ کی شناخت ہندوستان یا کسی اور مذہب کے لیے خطرہ نہیں ہے۔ ہم ایک ملک، ایک فیملی ہیں۔‘‘
ایک دیگر ٹوئٹ میں ڈڈلانی لکھتے ہیں ’’میں سبھی ہندوستانی لوگوں سے یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ مجھے ہندوستانی سیاست کی بدصورت فطرت کے لیے واقعی افسوس ہے، جو ہمیں بخوشی چھوٹے چھوٹے گروپوں میں تقسیم کرتی رہے گی جب تک کہ ہم تنہا کھڑے نہیں ہو جاتے۔ یہ سب عوام کے لیے نہیں بلکہ ذاتی مفاد کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انھیں کامیاب نہ ہونے دیں۔‘‘
وِشال ڈڈلانی کے ان جملوں پر کانگریس کے سینئر لیڈر ششی تھرور نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انھیں شاباشی دی ہے۔ ڈڈلانی کے ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے لکھا ہے ’’شاباش… ان لوگوں سے متعلق بولنے کے لیے جنھوں نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔‘‘ غور طلب ہے کہ بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کے ذریعہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف دیے گئے متنازعہ بیان نے ملک میں تشدد کے حالات پیدا کر دیے ہیں۔ ملک و بیرون ملک میں نوپور شرما کے خلاف آوازیں لگاتار اٹھ رہی ہیں۔