پاکستان میں اہانت رسول کرنے والوں کی موب لنچنگ کیے جانے یا پھر کسی دوسری طرح سے موت کی نیند سلانے کا واقعہ اکثر سرخیاں بنتا ہے۔ ایک بار پھر کچھ ایسا ہی معاملہ سامنے آیا ہے، لیکن اہانت رسول کا معاملہ خواب میں سرزد ہوا۔ دراصل تین خواتین نے مل کر ایک خاتون ٹیچر کا قتل کر دیا ہے، اور ملزمین میں سے ایک کا دعویٰ ہے کہ اسے خواب میں اہانت رسول کرتے دیکھا گیا تھا۔

اس حیرت انگیز معاملے سے متعلق پاکستان پولس نے 30 مارچ کو کہا کہ لڑکیوں کے ایک مذہبی اسکول میں ایک خاتون ٹیچر کا قتل اس کی خاتون ساتھی اور دو طالبات کے ذریعہ کر دیا گیا۔ واقعہ 29 مارچ کو شمال مغربی خیبر پختونخواں علاقہ کے ڈیرا اسماعیل خان میں پیش آیا۔ یہ علاقہ افغانستان کی سرحد سے قریب ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ دو طالبات اور ایک خاتون ٹیچر نے اسکول کے مین گیٹ پر صفورہ بی بی پر چاقو اور ڈنڈوں سے حملہ کر دیا۔ پولس افسر صغیر احمد نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’’گلا کٹنے کے بعد اس کی موت ہو گئی۔‘‘

پولس کے مطابق ملزمہ عمرہ امن نے جامعہ اسلامیہ فلاح البنات میں پڑھنے والی دو بھتیجیوں کے ساتھ اس جرم کا منصوبہ بنایا تھا۔ لڑکیوں کے مطابق ایک رشتہ دار نے خواب میں دیکھا تھا کہ مقتولہ نے پیغمبر محمد کے خلاف نازیبا عمل انجام دیا تھا۔ افسران نے بتایا کہ وہ یہ بھی جانچ کر رہے ہیں کہ کلیدی ملزمہ عمرہ کی مقتولہ سے کوئی ذاتی دشمنی تو نہیں تھی۔