سلمان خان کے مشہور شو ’بگ باس‘ سے مقبولیت حاصل کرنے والی شہناز گل کی ایک ویڈیو موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔ ویڈیو ایک ایوارڈ فنکشن کی ہے جس میں شہناز گل سے ایک گانا گانے کی گزارش کی جاتی ہے۔ اسی درمیان اذان ہونے لگتی ہے اور شہناز اُس وقت تک گانا نہیں گاتیں جب تک کہ اذان ختم نہیں ہو جاتی۔ یعنی اسٹیج پر اور تقریب میں موجود سبھی لوگوں کو شہناز کا گانا سننے کے لیے اذان ختم ہونے کا انتظار کرنا پڑا۔ قابل ذکر یہ ہے کہ اسٹیج پر مہاراشٹر کے سابق وزیر آدتیہ ٹھاکرے بھی موجود تھے۔
یہ ایوارڈ فنکشن حال ہی میں منعقد ہوا تھا جس میں اداکارہ و گلوکارہ شہناز کو آدتیہ ٹھاکرے کے ہاتھوں ایوارڈ پیش کیا گیا۔ بعد ازاں میزبان نے شہناز کی تعریف کرتے ہوئے ان سے گانے کی فرمائش کی۔ ابھی وہ سوچ ہی رہی تھیں کہ کون سا گانا سنائیں، اذان کی آواز آنے لگی۔ پھر تو شہناز نے خاموشی اختیار کر لی اور اسٹیج پر کھڑے دیگر افراد بھی اذان ختم ہونے تک ویسے ہی کھڑے رہے۔ شہناز کے اس قدم کی اب سوشل میڈیا پر خوب تعریف ہو رہی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ شہناز گل کا تعلق سکھ مذہب سے ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اذان کو احترام دینے پر انھیں خوب تعریفیں مل رہی ہیں۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے لکھا ہے ’’ان کا (دوسرے مذہب کو) احترام دینا اس بات کی شاندار مثال ہے کہ کس طرح ہم سب ایک دوسرے کے اعتقاد کو عزت دے کر مل جل کر رہتے ہیں۔‘‘