راجستھان کے اودے پور باشندہ شیر خان نے ایسا چولھا تیار کیا ہے جو دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا چولھا ہے۔ اس چولھے کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ 25 لوگوں کا کھانا تیار ہونے میں محض 30 منٹ لگے گا۔ اتنا ہی نہیں، 25 لوگوں کا کھانا بنانے میں 10 کلوگرام لکڑی خرچ ہوتا ہے، لیکن اس چولھے میں یہ کام 2 کلوگرام لکڑی میں ہی ہو جائے گا۔ چولھے میں مزید کئی خاصیتیں ہیں اور شیر خان نے سنٹر سے اس چولھے کا پیٹنٹ بھی کرا لیا ہے۔

اس چولھے کو اس طرح بنایا گیا ہے کہ لکڑی کی آگ سے دال پکے گی، اور اس سے پیدا ہونے والی گرمی سے باٹی تیار ہو جائے گی۔ اس سے لکڑی اور محنت دونوں کی بچت ہوگی۔ شیر خان کا کہنا ہے کہ گھریلو چولھے کے مقابلے اس چولھے میں دھواں بھی کم ہوگا۔ شلپ گرام میلہ میں شیر خان نے چولھے کی دکان بھی لگائی جہاں لوگوں نے اسے خوب پسند کیا۔

شیر خان کے مطابق اپنی طرح کا یہ دنیا میں پہلا چولھا ہے اور گھریلو چولھے کے مقابلے اس میں لکڑی چند سیکنڈ میں ہی جل جاتی ہے۔ 15 منٹ کے اندر بریڈ اور برگر بھی تیار ہو جائے گا اور کسی طرح کی بھی روٹی اس پر بنائی جا سکتی ہے۔ یہ چولھا فارم ہاؤس، ڈیری اور ڈھابہ مالکان کے لیے کافی مفید ثابت ہو سکتا ہے۔ شیر خَان کے اس چولھے میں کئی طرح کے پکوان ایک ساتھ تیار ہو سکتے ہیں۔