دوشنبہ: آج یہاں شیوا جی کے یوم تاج پوشی کے موقع پر انڈیا اسٹڈی سینٹر، شعبہ ہندی-اردو، تاجک نیشنل یونیورسٹی دوشنبہ کے زیر اہتمام ایک خصوصی لکچر بعنوان ’چھترپتی شیواجی: شخصیت اور کارنامے‘ کا انعقاد کیا گیا۔ خصوصی لیکچر وزیٹنگ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق صدف نے پیش کیا اور تقریب کی صدارت پروفیسر قربان حیدر نے کی۔ ڈاکٹر مشتاق صدف نے اپنے لکچر میں کہا کہ ’’شیواجی مہاراج ہندوستان کے ایک عظیم حکمراں اور حکمت عملی ساز شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے مغربی ہندوستان میں مراٹھا سلطنت کی بنیاد رکھی۔ اس کے لیے ان کی مغل سلطنت کے حکمراں اورنگ زیب سے جنگ ہوئی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ شیواجی کی تاجپوشی 6 جون 1674ء کو رائے گڑھ میں کی گئی اور وہ ’چھترپتی‘ کہلائے۔ ڈاکٹر مشتاق صدف نے بتایا کہ شیوا جی نے گوریلا جنگ کا ایک نیا طریقہ ’شیو سوتر‘ تیار کیا تھا۔ نیز مراٹھی اور سنسکرت کو سرکاری زبانیں بنایا۔ یہی نہیں بلکہ انہوں نے رامائن اور مہابھارت کو بہت غور سے پڑھا اور ان سے بہت سی چیزیں سیکھ کر اسے اپنی زندگی میں اپنایا۔ وہ اپنی بہادری، حکمت عملی اور انتظامی امور میں قدرت رکھنے کے لیے کافی مشہور تھے۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے صدر شعبہ ہندی-اردو پروفیسر قربانوف حیدر نے بھی شیواجی کی عظمت پر روشنی ڈالی اور ڈاکٹر مشتاق صدف کے لکچر کو بے حد سراہا۔ اس موقع پر شعبہ کے اساتذہ میں ڈاکٹر علی خان، صباحت یوروا، شیرین ماہ کے ساتھ ساتھ ہندی اور اردو کے طلبا و طالبات نے بطور خاص شرکت کی۔