مدھیہ پردیش کی شیوراج حکومت بھوپال واقع حبیب گنج ریلوے اسٹیشن کا نام بدلنا چاہتی ہے۔ اس کے لیے مرکزی حکومت کو ایک خط بھی لکھا گیا ہے جس میں نیا نام ’رانی کملاپتی‘ رکھنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ یہ خط مدھیہ پردیش کے محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے مرکزی وزارت داخلہ کو بھیجا گیا ہے۔ خط کے موضوع میں لکھا گیا ہے ’’حبیب گنج ریلوے اسٹیشن، بھوپال کا نام رانی کملاپتی ریلوے اسٹیشن کے طور پر کیے جانے سے متعلق۔‘‘
غور طلب ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 15 نومبر کو حبیب گنج ریلوے اسٹیشن کی نئی عمارت کی رونمائی کریں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس موقع پر اسٹیشن کا نام بدلنے کا اعلان ہو سکتا ہے۔ ایسا اس لیے بھی ممکن ہے کیونکہ بھوپال لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرگیا سنگھ ٹھاکر یہ اپیل کر چکی ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ پرگیا ٹھاکر نے اسٹیشن کا نام اٹل بہاری واجپئی کے نام پر رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
پرگیہ ٹھاکر نے 11 نومبر کو اپنے ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم سے حبیب گنج ریلوے اسٹیشن کا نام بدلنے کی گزارش کی ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’بھوپال میں 15 نومبر 2021 کو عزت مآب وزیر اعظم نریندر مودی کا قبائلی یومِ فخر پر آنا ہمارے بھوپال کے لیے مثبت اشارہ ہے۔ مجھے یقین ہے کہ مودی جی حبیب گنج ریلوے اسٹیشن کا نام سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی جی کے نام پر رکھنے کا اعلان کریں گے۔‘‘