پاکستانی سرکاری چینل کے ایک اینکر کے ساتھ ہوئے تنازعہ کے بعد راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر مشکل میں نظر آ رہے ہیں۔ پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن نے ان کے خلاف 10 کروڑ روپے کا ہتک عزتی کا مقدمہ درج کرایا ہے۔ ’پی ٹی وی‘ نے شعیب اختر پر ان کے تین مہینے کی تنخواہ یعنی 33,33,000 روپے کے علاوہ 10 کروڑ روپے کا دعویٰ ٹھوکا ہے۔ چینل نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ اس رقم کی ادائیگی نہیں کریں گے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
چینل نے جایر نوٹس میں لکھا ہے ’’کلاؤز 22 کے مطابق دونوں فریقوں کو 3 مہینے کی تحریری نوٹس یا اس کے بدلے ادائیگی کر کے اپنے سمجھوتے کو ختم کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔ شعیب اختر نے 26 اکتوبر کو آن ایئر استعفیٰ دے دیا تھا، جس سے پی ٹی وی کو بھاری مالی نقصان ہوا ہے۔‘‘ نوٹس میں مزید لکھا گیا ہے کہ ’’شعیب نے پی ٹی وی انتظامیہ کو بغیر اطلاع دیئے ٹی-20 عالمی کپ نشریات کے دوران دبئی چھوڑ دیا تھا۔ ساتھ ہی انہوں نے بھارتیہ کرکٹر ہربھجن سنگھ کے ساتھ بھارت کے ایک چینل پر ٹی وی شو میں موجود ہو کر پی ٹی وی کو کافی نقصان پہنچایا ہے۔‘‘
دوسری طرف پی ٹی وی کے نوٹس کے جواب میں شعیب اختر نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’اس عمل سے کافی مایوس ہوں، لیکن میں ایک فائٹر ہوں، میں شکست نہیں مانوں گا، میں قانونی لڑائی کا مقابلہ کروں گا۔‘‘