چنئی: کانگریس نے گزشتہ دنوں روشن نواز کو تمل ناڈو میں جواہر بال منچ کا سربراہ مقرر کیا تھا، اور اب انھوں نے اپنا عہدہ سنبھال لیا ہے۔ روشن نواز کو جواہر بال منچ کا ریاستی چیف کوآرڈنیٹر بنائے جانے پر نوجوان طبقہ میں خوشی کا ماحول ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ روشن نواز کی تقرری سے نوجوانوں کی ترقی اور انھیں بااختیار بنانے کے لیے ایک سازگار ماحول تیار ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ ’جواہر بال منچ‘ کانگریس پارٹی کی ایک اہم تنظیم ہے جو بچوں اور نوجوانوں کی ہمہ گیر ترقی کے لیے وقف ہے۔ چونکہ روشن نواز نے نوجوانوں کے درمیان اپنی ایک الگ شناخت بنائی ہے اس لیے جواہر بال منچ میں انھیں اہم عہدہ دیے جانے کی تعریف ہو رہی ہے۔ ریاست کے نوجوان پُرجوش ہیں اور امید کر رہے ہیں کہ روشن نواز ان کی مضبوط آواز بنیں گے اور روشن مستقبل کا پیش خیمہ بنیں گے۔

غور طلب ہے کہ روشن نواز کا رشتہ کانگریس سے 11 جولائی 2005 میں جڑا تھا جب وہ یوتھ کانگریس کے رکن بنے تھے۔ 2017 میں انھیں تمل ناڈو کانگریس ہیومن رائٹس ڈپارٹمنٹ کا سنٹرل چنئی ضلع صدر بنایا گیا تھا اور تب انھوں نے اپنی سخت محنت سے کافی متاثر کیا تھا۔ روشن نواز نے نوجوانوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے شہریوں کے حقوق کی لڑائی لڑی تھی۔ پھر 2020 میں وہ اپنی غیر معمولی قائدانہ صلاحیت کی وجہ سے ’تمل ناڈو آل انڈیا راہل گاندھی بریگیڈ کانگریس‘ کے ریاستی صدر بنے۔ ان کی رہنمائی میں تنظیم نے بے مثال ترقی دیکھی۔