یو پی ایس سی کا فائنل ریزلٹ جاری ہونے کے بعد شروتی شرما کو مبارکباد دینے والوں کی قطار لگ گئی ہے۔ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے رہائشی کوچنگ اکادمی (آر سی اے) سے یو پی ایس سی کی تیاری کرنے والی شروتی نے آل انڈیا 1 رینک حاصل کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ایسی کامیابی کی امید شروتی کو خود بھی نہیں تھی۔ ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے شروتی نے کہا کہ ’’اوّل مقام حاصل کرنے کی امید نہیں تھی۔ ہاں، یہ ضرور تھا کہ یو پی ایس سی کلیئر ہو جائے گا۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ شروتی شرما نے اپنی دوسری کوشش میں یہ نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ انھوں نے خود بتایا کہ پہلی کوشش میں فارم غلط بھرا گیا تھا اور ہندی میں امتحان دینا پڑا تھا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ یو پی ایس سی کلیئر ہونے سے ایک نمبر پیچھے رہ گئیں۔ شروتی نے بتایا کہ اس مرتبہ انگریزی میں پیپر لکھا اور جیسی کامیابی ملی ہے اس سے بہت خوش ہیں۔

شروتی شرما نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے رہائشی کوچنگ اکادمی کی بھی تعریف کی۔ شروتی نے خصوصاً طارق سر اور فاروقی سر کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ انھوں نے بہترین رہنمائی کی اور اس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ یو پی ایس سی ٹاپر نے رہائشی کوچنگ اکادمی میں تعلیم کے لیے بہترین ماحول فراہم کیے جانے کی بھی تعریف کی۔ بہرحال، موصولہ اطلاعات کے مطابق جامعہ کے رہائشی کوچنگ اکادمی سے اس بار 23 طلبا نے یو پی ایس سی میں کامیابی حاصل کی ہے۔