خطرناک اسٹنٹ پر مبنی حقیقی شو ’خطروں کے کھلاڑی‘ کا گیارہواں سیزن چل رہا ہے اور یہ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ یعنی مشہور و معروف ایکشن ڈائریکٹر روہت شیٹی کے اس شو کا ’فنالے ویک‘ چل رہا ہے جس میں شرکاء خطرناک اسٹنٹ کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ تازہ ایپی سوڈ میں مشہور و معروف ٹی وی اداکارہ شویتا تیواری آسمان میں اڑتی ہوئی خطرناک اسٹنٹ کرتی نظر آئیں، لیکن اس دوران ان کی طبیعت کافی ناساز ہو گئی۔ شو کے دوران اسٹنٹ کے درمیان ہی شویتا آسمان میں جھولتی ہوئیں اور الٹی کرتی ہوئی دیکھی گئیں۔

دراصل شویتا تیواری ’خطروں کے کھلاڑی 11‘ کے دوران خطرناک اسٹنٹ کرتے ہوئے کئی بار بہت زیادہ گھبرائی ہوئی اور پریشان نظر آئی ہیں۔ مشکل ٹاسک سے پہلے وہ خوب آنسو بہاتے اور روہت شیٹی کے سامنے گریہ و زاری کرتے ہوئے بھی دیکھی گئی ہیں۔ کچھ مواقع تو ایسے بھی آئے جب انھوں نے ٹاسک کرنے سے ہی منع کر دیا ہے۔ لیکن تازہ ایپی سوڈ میں وہ اسٹنٹ کرنے سے انکار نہیں کر پائیں۔ روہت شیٹی نے اس بار ایک طیارہ کا اسٹنٹ رکھا تھا جس میں سبھی شرکاء کو باری باری سے بیٹھنا تھا اور ایک مشکل ٹاسک پورا کرنا تھا۔ جب ’بگ باس 4‘ کی فاتح شویتا تیواری کی باری آئی اور انھوں نے یہ اسٹنٹ کرنا شروع کیا تو درمیان میں ہی انھیں ابکائی آئی اور الٹی ہونے لگی۔ انھیں آسمان میں جھولتے ہوئے دیکھا گیا اور وہ کافی پریشان بھی نظر آئیں۔