یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے کئی دردناک تصویریں سامنے آ چکی ہیں۔ کچھ ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جو جنگ کی تباہی کا حال بیان کر رہی ہیں۔ اس درمیان کیمروں نے کچھ ایسے لمحات بھی قید کیے جس نے آپسی محبت، بے پناہ عشق اور جذباتیت کی بھرپور عکاسی کی۔ یوکرین کی ایک ویڈیو صحافی اسعد حناح نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کی ہے جس میں ایک باپ اپنی کم عمر بیٹی کے گلے لگ کر زار و قطار رو رہا ہے۔ بیٹی بھی والد سے جدائی کے غم میں پھوٹ پھوٹ کر رو رہی ہے۔ اس ویڈیو کے ساتھ اسعد نے لکھا ہے ’’روسی حملہ کے خلاف اپنے ملک کی دفاع کے لیے جانے سے پہلے اپنی بیٹی کو الوداع کہتا یوکرینی والد۔‘‘ بتایا جاتا ہے کہ یہ شخص اپنی بیٹی اور بیوی کو بس سے کسی محفوظ مقام کے لیے روانہ کر رہا تھا۔

جنگ کے ماحول میں عشق کے جذبہ سے سرشار ایک ایسی تصویر بھی سامنے آئی ہے جس میں ایک لڑکا-لڑکی یوکرین کی راجدھانی کیف کے میٹرو اسٹیشن پر ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے کھڑے ہیں۔ 24 فروری کو سوشل میڈیا پر سامنے آئی یہ تصویر اس وقت کی ہے جب سبھی اپنی جان بچانے کے لیے اِدھر اُدھر بھاگ رہے تھے۔ بھگدڑ کے عالم میں بھی یہ جوڑا اس طرح پرسکون نظر آیا جیسے زندگی بھلے ہی ختم ہو جائے لیکن عشق باقی رہ جائے گا۔ روس-یوکرین کی جنگ سے متعلق جب تاریخ لکھی جائے گی تو شاید ہی ان جذباتی لمحات کو جگہ مل پائے۔