اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او) دربھنگہ یونٹ کے صدر افہام آفاقی کی قیادت میں آج ایک وفد نے ڈپٹی میئر نازیہ حسن سے ملاقات کی اور انتخاب میں جیت کے لیے انھیں مبارکباد پیش کی۔ اس ملاقات کے دوران امان اللہ، ابراہیم جنیدی اور ابادہ آفاقی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پوری ٹیم کی طرف سے نازیہ حسن کو ایس آئی او کا کیلنڈر اور قرآن پاک بطور تحفہ پیش کیا گیا۔
ایس آئی او دربھنگہ یونٹ کے صدر افہام آفاقی نے ڈپٹی میئر سے ملاقات کے دوران کچھ اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انھوں نے شہر کو صاف ستھرا رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اس کا اثر عوام کی صحت پر پڑتا ہے۔ امان اللہ نے بھی نازیہ حسن کے سامنے کچھ اہم مشورے رکھے۔ انھوں نے گزارش کی کہ بچوں کے اسکول جانے کے وقت سڑکوں پر صاف صفائی نہ کی جائے کیونکہ اس سے ہوا آلودہ ہو جاتی ہے۔
امان اللہ نے ایک اہم ایشو کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ دربھنگہ ملک کے ان شہروں میں شامل ہو گیا ہے جہاں کی ہوا زہریلی ہو چکی ہے۔ ایسے میں نگر نگم کی اُڑن دستہ ٹیم ان مقامات پر جائے جہاں تعمیرات ہو رہی ہیں۔ وہاں پانی کا چھڑکاؤ کیا جائے اور متعلقہ لوگوں کو اس کے تئیں بیدار بھی کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں ایس آئی او تعاون کے لیے تیار ہے۔ ڈپٹی میئر نازیہ حسن نے سبھی باتیں بغور سنیں اور ضروری قدم اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔