سوشانت سنگھ راجپوت کے اس دنیا سے گزرے ڈیڑھ سال ہو چکے ہیں، لیکن اب بھی ان کے رشتہ داروں اور چاہنے والوں کے دلوں میں ان کی یادیں تازہ ہیں۔ آج سوشانت سنگھ کا 36واں یوم پیدائش ہے۔ اس موقع پر ان کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے ایک لاجواب ویڈیو شیئر کیا ہے جس نے سبھی کی آنکھیں نم کر دی ہیں۔ 18 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں سوشانت کے الگ الگ انداز دکھائے گئے ہیں۔ ویڈیو ان سہنرے  لمحات کا مجموعہ ہے جس نے سوشانت کو خوش ہونے کا موقع فراہم کیا تھا۔ اس میں ان کے 50 خوابوں کی بُکیٹ لسٹ بھی دکھائی گئی ہے۔ ویڈیو میں بیک گراؤنڈ میوزک ان کی فلم کیدارناتھ  کے ’جئے ہو شنکرا‘ کا ڈالا گیا ہے۔

شویتا نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’مائی گاڈ! کیا خوبصورت مجموعہ ہے… بھائی کو جنم دن کی بہت بہت مبارکباد۔ ہم آپ کے سبھی خوابوں کو پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ سوشانت آپ کی وراثت زندہ رہے گی۔ پروڈکشن ٹیم کو شکریہ، آپ لوگوں نے غیر معمولی کام کیا ہے!‘‘

غور طلب ہے کہ سوشانت کے کئی شیدائیوں نے ان کے یوم پیدائش کو ’سوشانت دیوس‘ یعنی یومِ سوشانت کے طور پر یاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اپنے کردار کو لوگوں کے دلوں تک پہنچانے کے لیے جی توڑ محنت کرنے والے سوشانت نے فلم انڈسٹری میں اپنی ایک الگ شناخت بنا لی تھی، لیکن نوجوانی میں ہی وہ 14 جون 2020 کو اس دنیا سے رخصت ہو گئے۔