20 انچ لمبائی والی گائے ’رانی‘ کو دنیا کی سب سے پستہ قد گائے ہونے کا تمغہ مل گیا ہے۔ گزشتہ دنوں رانی کا اچانک انتقال ہو گیا، حالانکہ اس کی موت سے پہلے ہی دنیا کی سب سے چھوٹی گائے کے طور پر اس کا نام ’گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈس‘ میں درج کرائے جانے کی کوششیں شروع ہو گئی تھیں۔ بنگلہ دیش کی یہ گائے بہت مشہور تھی اور دور ممالک سے بھی لوگ اسے دیکھنے کے لیے بنگلہ دیش پہنچتے تھے۔ اب جب کہ رانی کا نام ریکارڈ بک میں درج ہو گیا ہے، تو بنگلہ دیش کے لیے بھی یہ خوشی کا مقام ہے۔ ساتھ ہی ساتھ یہ گائے کے مالک قاضی محمد ابو سفیان کے لیے بھی مسرت بھرا لمحہ ہے۔

رانی سے پہلے دنیا کی سب سے چھوٹی گائے ہونے کا تمغہ ہندوستانی ریاست کیرالہ کی ایک گائے کے پاس تھا۔ اس گائے کا نام مانکیم تھا اور اس کی لمبائی 61 سنٹی میٹر تھی۔ مانکیم کی تصویر ایک وقت سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی اور لوگ یہ دیکھ کر حیران تھے کہ کیا اتنی چھوٹی گائے بھی ہو سکتی ہے۔ ابھی بہت زیادہ وقت نہیں ہوا ہے جب رانی کے مالک نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ دنیا کی سب سے چھوٹی گائے ہے۔ اور پھر پیمائش کے بعد پتہ چلا کہ رانی کی لمبائی 50.8 سنٹی میٹر (20 انچ) ہے۔ ظاہر ہے اس کے بعد رانی کو دنیا کی سب سے پستہ قد گائے ہونے کا تمغہ ملنا ہی تھا۔