مشہور ٹی وی شو ’دی کپل شرما شو‘ میں بالی ووڈ ہستیوں اور مشہور شخصیات اکثر اپنی فلموں یا خود سے جڑی چیزوں کا پرموشن کرنے کے لیے پہنچتی ہیں۔ اس معاملے میں مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی تھوڑی بدقسمت رہیں جنہیں ’کپل شرما شو‘ کے سیٹ سے واپس لوٹنا پڑا۔ ایسا اس لیے کیونکہ سیکورٹی گارڈ نے انہیں انٹری دینے سے انکار کر دیا۔

بھاسکر کی ایک رپورٹ کے مطابق اسمرتی ایرانی اپنی کتاب ’لال سلام‘ کے پروموشن کے لیے کپل شرما کے شو پر پہنچی تھیں۔ ان کی گاڑی کو گارڈ نے یہ کہتے ہوئے انٹری نہیں دی کہ اسے اس سلسلے میں کوئی جانکاری نہیں دی گئی ہے۔ اسمرتی کے ڈرائیور نے کہا کہ وہ شو کی مہمان ہیں اور انہیں بلایا گیا ہے، لیکن گارڈ نہیں مانا۔ اپنی اس بے عزتی سے اسمرتی بہت خفا ہوئیں اور غصے میں واپس لوٹ گئیں۔ اس واقعہ کی خبر جب کپل اور ان کی ٹیم کو ملی تو سبھی سیٹ پر پہنچے۔ ’دی کپل شرما شو‘ کی پروڈکشن ٹیم نے مرکزی وزیر سے بات کرنے کی کوشش بھی کی لیکن بات نہیں ہو پائی۔

خبروں کے مطابق جب سیکورٹی گارڈ کو پتہ چلا کہ جن کی گاڑی کو اس نے روکا وہ اسمرتی ایرانی کی تھی، تو وہ سیٹ سے غائب ہو گیا اور اپنا فون بھی بند کر دیا۔ اب ’دی کپل شرما شو‘ کی ٹیم اسمرتی کو شو میں واپس لانے کی پوری کوشش کر رہی ہے، لیکن انہیں منانے میں ابھی تک کامیابی نہیں مل سکی ہے۔