شادی کے اس موسم میں ایک اور اداکارہ کو ہمسفر مل گیا۔ ٹی وی سیریل ’ناگن‘ سے شہرت حاصل کرنے کے بعد بالی ووڈ میں قدم جمانے والی اداکارہ مونی رائے جمعرات کو بزنس مین سورج نامبیار کے ساتھ رشتہ ازدواج سے منسلک ہو گئیں۔ دونوں نے آپس میں دو الگ الگ انداز سے شادی کی۔ پہلے گوا میں جنوبی ہند کے رسم و رواج کے مطابق، اور پھر بعد میں بنگالی رسم و رواج کے مطابق۔ شادی کی خبر سامنے آتے ہی نو عروس جوڑے کو مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ ٹی وی اداکارہ اور سیاستداں اسمرتی ایرانی نے بھی اپنی آن اسکرین بیٹی مونی رائے کو مبارکباد دینے یں تاخیر نہیں کی۔ انھوں نے دلچسپ انداز میں شادی کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اسمرتی ایرانی نے سوشل میڈیا پر مونی کی شادی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’یہ لڑکی (مونی) آج سے 17 سال پہلے میری زندگی میں آئی تھی اور میں اسے ایک دوست اور کنبہ کی شکل میں پا کر خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں۔ آج یہ اپنے ایک نئے سفر کا آغاز کر رہی ہے۔ اسے ساری خوشیاں، خوشحالی اور تندرستی ملے۔ سورج آپ بہت خوش قسمت ہیں۔ بہت سارا پیار مونی اور سورج۔‘‘ مونی رائے نے اسمرتی کے اس پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے ان کے محبت بھرے الفاظ کے لیے شکریہ ادا کیا۔ غور طلب ہے کہ اسمرتی نے ’کیونکہ ساس بھی کبھی بہو تھی‘ میں مونی رائے کی ماں کا کردار نبھایا تھا۔