بچپن میں کسی غلطی پر والدین کے ذریعہ پٹائی عام بات ہے۔ شاید ہی کوئی انسان ہوگا جسے اپنے بچپن کی پٹائی یاد نہ ہو۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کی ماں انھیں بچپن میں باٹا چپل سے پیٹتی تھیں؟ اسمرتی ایرانی کی باتوں سے تو کچھ ایسا ہی لگتا ہے جو کہ انھوں نے انسٹاگرام پر لکھا ہے۔
دراصل سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر مرکزی وزیر برائے خواتین و فروغ اطفال اسمرتی ایرانی نے ایک پوسٹ کیا ہے۔ اس کے بارے میں انھوں نے لکھا ہے کہ پوسٹ ان کی ماں نے بھیجا ہے۔ پوسٹ میں لکھا گیا ہے ’’جب میں بچی تھی، وہ مجھے ماہر نفسیات کے پاس نہیں لے جاتی تھیں۔ بلکہ ایک تھپڑ سے ہی میرے چکر (ذہن) کھول دیا کرتی تھیں۔ میرے سبھی کرم (اعمال) ٹھہر جاتے تھے اور میرا ’اورا‘ (ماحول) بھی صاف ہو جاتا تھا۔‘‘ ساتھ ہی اسمرتی ایرانی نے کمنٹ میں لکھا ہے ’’میری ماں نے اسے میرے ساتھ شیئر کیا ہے۔ کسی اور کی ماں نے اس طرح ’اورا‘ صاف کیا ہو، تو وہ اپنا ہاتھ اٹھائیں۔ ماں، لو یو۔‘‘
اسمرتی ایرانی کے اس پوسٹ پر ایک انسٹاگرام صارف نے لکھا ہے ’’میرا چکر باٹا چپل سے ٹھیک ہوا تھا۔‘‘ پھر اسمرتی ریپلائی کرتی ہیں کہ ’’باٹا چپل کا میرا چکر سدھارنے میں بھی ہاتھ تھا۔‘‘ مشہور بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر نے بھی مرکزی وزیر کے پوسٹ پر کمنٹ کیا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے ’’میری ماں تو ابھی بھی ایسا ہی کرتی ہیں۔‘‘