سیاست کی نبض پکڑنے میں ماہر پرشانت کشور کے ذریعہ کانگریس اور گاندھی فیملی کے خلاف بیان دیے جانے پر تمل ناڈو کانگریس کمیٹی اقلیتی محکمہ میں ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ اقلیتی محکمہ کے سوشل میڈیا اینڈ آرگنائزیشن انچارج محمد مزمل پرشانت کشور کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’سیاسی حکمت عملی کا کاروبار چلانے والے ان جیسے لوگ ملک کے اصل دشمن ہیں۔ پیسے کی خاطر وہ کسی کو بھی جتانے کے لیے ہر طرح کا حربہ اختیار کر سکتے ہیں۔‘‘

دراصل پرشانت کشور نے 2 دسمبر کو ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں لکھا تھا کہ کانگریس گزشتہ 10 سالوں میں 90 فیصد انتخاب ہاری ہے۔ ایسے میں اپوزیشن کی قیادت کانگریس کا ’خدائی حق‘ نہیں ہو سکتا۔ پرشانت کے اس بیان پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے محمد مزمل نے کہا کہ ’’وہ پیسے کے لیے کچھ بھی کر سکتے ہیں۔ مودی کو جتوا سکتے ہیں، ممتا کے پاؤں پر پلاسٹر لگا سکتے ہیں، جگن موہن ریڈی کے ساتھ کام کر سکتے ہیں۔‘‘

اپنے بیان میں محمد مزمل نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’’ولبر اسمتھ کے افسانوں کی کتابوں میں ایسے لوگوں کو ’کرائے کے سپاہی‘ کہا جاتا ہے جو کہ صرف پیسے ملنے پر کام کرتے ہیں۔ وہ جھوٹی داستانوں کے سوداگر ہیں۔ ان کی ایک اچھی تنظیم ہے جو جعلی بیانیہ کو فروخت کرتی ہے۔‘‘ انھوں نے مطالبہ کیا کہ ایسی کمپنیوں اور افراد کو بے نقاب کیا جانا چاہیے جو سیاسی باڑے کی طرح کام کرتے ہیں۔