فوجیوں کی زندگی مہاجروں کی طرح ہوتی ہے۔ انھیں اپنے گھر پر رہنے کا کم ہی موقع ملتا ہے اور رشتہ داروں سے ملاقات بھی کئی مہینوں یا سالوں بعد ہو پاتی ہے۔ ملک کی حفاظت کے لیے فوجیوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں کیونکہ انھیں ایسے ایسے پیچیدہ مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کا تصور بھی محال ہے۔ عراق میں ایک فوجی کے ساتھ تو کچھ ایسا پیچیدہ مسئلہ پیدا ہوا کہ اس نے ملازمت سے ہی استعفیٰ دینے کا فیصلہ کر لیا۔ فوجی کے ساتھ مسئلہ یہ تھا کہ تین بیویاں تھیں اور اس کے پاس چھٹیاں کم۔ تینوں بیویاں اس بات سے ناراض رہتی تھیں کہ طویل انتظار کے بعد بھی ساتھ میسر نہیں ہو پاتا۔

عراقی نیوز پورٹل ’نیس نیوز‘ کے مطابق فوجی نے استعفیٰ تو اپنے کمانڈر کو سونپ دیا، لیکن استعفیٰ منظور نہیں ہوا۔ کمانڈر نے فوجی کا مسئلہ جاننے کے بعد اس کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی۔ کافی غور و خوض کے بعد کمانڈر نے فوجی کو 12 دنوں کے لیے چھٹی پر بھیجنے کا فیصلہ سنایا۔ انھوں نے فوجی سے کہا کہ وہ گھر جائے اور 4-4 دن تینوں بیویوں کو وقت دے۔ اس فیصلہ کے بعد فوجی نے بھی اپنا استعفیٰ نامہ واپس لے لیا اور زیادہ چھٹی ملنے پر مسرت کا اظہار کیا۔ حالانکہ شائع رپورٹ میں اس کا کوئی تذکرہ نہیں ہے کہ فوجی کی پوسٹنگ عراق میں کس جگہ تھی۔ فوجی کا نام بھی اس رپورٹ میں شامل کرنے سے پرہیز کیا گیا ہے۔