ایکواڈور میں ایک ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جس نے سبھی کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ واقعہ ایک مردہ شخص کو قبر سے نکال کر بائک پر سیر کرانے کا ہے، جسے دیکھ کر سڑک پر ہر کوئی حیران نظر آیا۔ لاش کے ساتھ بائک چلاتے دوستوں کی تصویریں اب سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں۔ ’ڈیلی میل‘ نے اس تعلق سے ایک رپورٹ بھی شائع کی ہے اور ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر بھی کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 21 سالہ نوجوان ایرک سڈینو کی کچھ دنوں پہلے ہی موت ہوئی تھی۔ اس کی آخری رسومات میں کچھ دوست شامل نہیں ہو پائے تھے۔ دراصل نوجوانوں کا ایک گروپ ہے جو آپس میں اچھے دوست ہیں۔ انھیں معلوم تھا کہ مہلوک ایرک سڈینو کو بائک رائیڈنگ یعنی موٹر سائیکل پر سواری کرنا بہت پسند تھا۔ ایسے میں سبھی دوستوں نے مل کر ایک عجیب و غریب منصوبہ بنایا۔ سبھی نے مل کر ایرک کی لاش کو قبر سے نکالا، بائک پر رکھا اور سڑکوں پر سیر کرنے نکل پڑے۔ اس طرح سے دوستوں نے اپنے مہلوک دوست کی خواہش کو پورا کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دوستوں نے ایرک کی لاش کو قبر سے نکالنے کی اجازت اس کے والدین سے لے لی تھی۔ لیکن جس طرح سے ایک لاش کو لے کر سات دوست سڑک پر بائک کے ساتھ نکلے، اس نے سبھی کو حیرت میں ڈال دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک بائک پر تین لوگ بیٹھے تھے اور اس میں درمیان لاش رکھی تھی۔