سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو نے 15 اپریل کو ایک ویڈیو ٹوئٹ کیا تھا جس میں ایک بائک پر سوار دو شخص (جن میں ایک بھگوا گمچھا پہنے تھا) راہ چلتی خاتون کے گلے سے چین چھین کر فرار ہو جاتا ہے۔ اس ٹوئٹ میں اکھلیش نے لکھا تھا ’’گمچھے سے پہچانیے چین لٹیرے کون ہیں!‘‘ اکھلیش یادو نے چونکہ ٹوئٹ میں ’بھگوا گمچھا‘ کی طرف اشارہ کیا تھا، اس لیے انھیں کئی لوگوں کی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس ٹوئٹ پر بی جے پی کے شعلہ بیان بی جے پی لیڈر کپل مشرا نے اپنی پرانی روش کی پاسداری کرتے ہوئے تبصرہ کیا تھا ’’کلاوا تو قصاب نے بھی پہنا تھا۔‘‘ ظاہر ہے کپل مشرا یہ کہنا چاہ رہے تھے کہ بھگوا گمچھا پہن کر کسی مسلم نے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ چین چھیننے والے اور کئی لوٹ کے معاملے انجام دینے والے لٹیرے گرفتار ہو گئے ہیں۔ یوپی کے ہردوئی ضلع میں پولس نے تصادم کے بعد دونوں بدمعاشوں کو گرفتار کیا۔ ایک کا نام آدتیہ ورما بتایا جا رہا ہے اور دوسرے کا دیپک کشیپ۔ ان میں سے ہی ایک نے بھگوا گمچھا پہنا ہوا تھا۔ دونوں کو پولس نے ایک تلاشی مہم کے دوران پکڑا جب وہ بھاگنے کی کوشش کر رہے تھے۔ بدمعاشوں نے پولس پر فائرنگ بھی کی تھی، لیکن جوابی فائرنگ میں وہ زخمی ہو گئے۔ دونوں لٹیروں کو پیر میں گولی لگی ہے اور ان کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔ دونوں کے پاس سے لوٹ کے کئی سامان بھی برآمد ہوئے۔