فلم اداکار سونو سود نے ایک مرتبہ پھر اپنے عمل سے انسانیت کی مثال قائم کی۔ دریا دلی اور رحم دلی سے عوام کے دلوں میں ایک خاص جگہ بنانے والے سونو سود نے اس بار ’حقیقی ہیرو‘ والا کام کرتے ہوئے سڑک پر بُری طرح زخمی ایک شخص کو وقت رہتے اسپتال پہنچا کر اس کی جان بچائی ہے۔  ایک انجان شخص کی اس طرح مدد کرنے پر سونو سود کی چہار جانب ستائش کی جا رہی ہے۔

واقعہ پنجاب کے موگا ضلع کے شہر کوٹاپور بائی پاس کا ہے، جہاں ایک شخص کار حادثے کا شکار ہو کر بُری طرح زخمی پڑا تھا۔ وہاں سے گزر رہے سونو سود نے اس منظر کو دیکھا تو وہ رک گئے۔ اسے گود میں اٹھا کر کار کی طرف دوڑے اور پھر لوگوں کی مدد سے کار میں بیٹھا کر اسپتال لے گئے اور وہاں اس کا علاج کروایا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمی شخص کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

غور طلب ہے کہ سونو سود نے وبائی مرض کورونا کے دور میں بھی ضرورت مندوں کی خوب مدد کی تھی۔ یہاں تک کے کورونا کی وجہ سے بے روزگار ہو چکے لوگوں کو بھی روزگار دلانے کے لیے انہوں نے اہم اقدامات کیے تھے۔ سود اس وقت لوگوں کے لیے ’رئیل لائف ہیرو‘  کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ ان کے ذریعہ عوامی زندگی میں کیے جا رہے نیک کاموں سے دوسرے اہل لوگوں کو بھی ضرورت مندوں کے لیے مثبت کام کرنے کی ترغیب مل رہی ہے۔