مرکزی حکومت نے یکم جنوری 2022 سے ’پڑھے بھارت‘ مہم کا آغاز کیا ہے جو طلبا کے لیے بہت کارآمد ہے۔ 100 روزہ ’مطالعہ کتب‘ پر مبنی اس مہم کا خاکہ اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ بچے اس سے لطف اندوز ہو سکیں۔ اس کا مقصد طلبا میں فنی مہارت، غور و فکر، زبانی و تحریری صلاحیتوں کو وسعت دینا ہے۔ نرسری سے آٹھویں درجہ تک کے طلبا کے لیے شروع کی گئی اس مہم سے شخصیت سازی میں بہت مدد ملے گی۔
مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے ’پڑھے بھارت‘ مہم سے متعلق یکم جنوری کو ایک ٹوئٹ بھی کیا ہے۔ اس میں انھوں نے لکھا ہے ’’کتابیں پڑھنا ایک اچھی عادت ہے۔ یہ زبان و بیان اور سماجی صلاحیت کو وسعت دینے کا شاندار ذریعہ ہے۔‘‘ دھرمیندر پردھان نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ پانچ کتابوں کی فہرست بھی دی جس کا وہ خود مطالعہ کرنے والے ہیں۔
پڑھے بھارت مہم کا خاکہ عمر کے مطابق مناسب ہفتہ وار کیلنڈر کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔ اس کی ضروری جانکاریاں ریاستوں و مرکز کے ماتحت خطوں کے ساتھ شیئر کر دی گئی ہیں۔ اساتذہ، والدین، ساتھیوں، بھائی-بہنوں یا کنبہ کے دیگر اراکین کی مدد سے بچوں کے ذریعہ ایسی سرگرمیاں کرائی جا سکتی ہیں۔ اس مہم کے تحت طلبا کو ایسی سرگرمیاں دی گئی ہیں کہ وہ لطف اندوز ہو سکیں گے۔ اسکول بند ہونے کی صورت میں ’پڑھے بھارت‘ مہم کو گھر پر والدین یا بھائی-بہنوں کی مدد سے بہ آسانی جاری رکھا جا سکتا ہے۔