نئی دہلی: ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سوسائٹی کے تحت جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کیمپس میں چلنے والے چائلڈ گائیڈینس سینٹر میں سوسائٹی کی سکریٹری جنرل اور فیکلٹی آف ایجوکیشن کی ڈین پروفیسر سارہ بیگم کی صدارت میں کھیل کا قومی دن منایا گیا۔ کھیل کے کئی زمروں کا الگ الگ مقابلہ رکھا گیا تھا جس میں خصوصی زمرے کے سبھی طلبا و طالبات نے پورے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ سینٹر کی ڈائریکٹر محترمہ صبا ایوب نے سبھی مہمانوں، والدین اور طلبا و طالبات کا خیر مقدم کیا اور پروگرام کے مقاصد پر روشنی ڈالی۔

اس موقع پر پروفیسر سارہ بیگم نے اپنے خطاب میں کہا کہ خصوصی زمرے کے طلبا و طالبات میں اللہ تعالی نے بے شمار صلاحیتیں رکھی ہیں۔ اگر ان خوابیدہ صلاحیتوں کو تراشا اور نکھارا جائے تو یہی بچے اپنی قابلیت کی بنیاد پر سماج میں ایک انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔ انھوں نے سینٹر کے سبھی اساتذہ اور عملے کو مبارکباد پیش کی کہ وہ اتنے عظیم مشن کا حصہ ہیں۔ تقریب میں پروفیسر سارہ بیگم نے طلبا کو انعامات سے بھی نوازا اور دعائیں دیں۔ پروگرام میں ڈاکٹر محمد اسجد انصاری نے بطور مہمان اعزازی شرکت کی اور طلبا و طالبات کو ان کی حصولیابیوں پر مبارکباد پیش کی۔

آخرمیں والدین کا بھی ایک مقابلہ (اُلٹا پُلٹا) کرایا گیا اور فاتح کو انعام سے نوازاگیا۔ پروگرام میں ویمن کنڈینسڈ کورس کے ڈائرکٹر اقبال حسین نے بھی شرکت کی۔ سینٹر کی معلمہ زینب نے نظامت کے فرائض انجام دیے، اور صبا ایوب صاحبہ کے اظہار تشکر پر پروگرام کا اختتام ہوا۔