تریپورہ کے بلدیاتی انتخاب میں بی جے پی کو شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ 28 نومبر کو برآمد ریزلٹ میں بی جے پی نے 334 میں سے 329 سیٹوں پر جیت حاصل کر سبھی کو حیرت زدہ کر دیا ہے۔ پارٹی کی اس کامیابی کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کافی خوش ہیں۔ دونوں نے تریپورہ کے وزیر اعلیٰ وپلب دیب اور پارٹی کارکنان کو مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے بلدیاتی انتخاب میں فتح کے بعد ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’ایسی دعاؤں سے ہمیں تریپورہ کے ہر شخص کے لیے کام کرنے کی مزید طاقت ملتی ہے۔‘‘ انھوں نے تریپورہ کی عوام کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’تریپورہ کے لوگوں نے صاف کر دیا ہے کہ وہ سیاست کی جگہ گڈ گورننس (بہتر حکمرانی) کو ترجیح دیتے ہیں۔‘‘
دوسری طرف مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ ’’میں تریپورہ کے لوگوں کو یہ بھروسہ دلانا چاہتا ہوں کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں ہم ریاست کے لوگوں کے لیے فلاحی کام جاری رکھیں گے۔‘‘ غور طلب ہے کہ تریپورہ میں بی جے پی نے ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس اور بایاں محاذ پارٹیوں کو شکست دیتے ہوئے اگرتلہ میونسپل کارپوریشن اور 13 دیگر بلدیوں میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ 51 رکنی اگرتلہ میونسپل کارپوریشن کے کسی بھی وارڈ سے اپوزیشن کا کوئی بھی امیدوار نہیں جیت سکا۔ سبھی سیٹیں بی جے پی کے حصے میں گئیں۔