صوفیہ خان وہ نام ہے جس کے دوڑنے کے جنون نے پوری دنیا کو اپنا قائل بنا لیا ہے۔ صوفیہ ایک دن میں 100 کلومیٹر تک دوڑ لیتی ہیں اور 2017 سے اب تک وہ 15000 کلومیٹر سے زیادہ کی دوڑ مکمل کر چکی ہیں۔ ان کے نام 3 عالمی ریکارڈ بھی ہیں، لیکن ان کا خواب دوڑ کر پوری دنیا کا چکر لگانے کا ہے۔

صوفیہ کی زندگی میں یہ بدلاؤ تب آیا جب انہوں نے 10 سال تک ایئرپورٹ کی ملازمت کرنے کے بعد 2017 میں اسے چھوڑ دیا تھا کیونکہ انہیں کچھ الگ کرنے کا جنون سوار ہو گیا تھا۔ اس وقت انہوں نے کشمیر سے کنیاکماری تک دوڑ لگانے کا فیصلہ کیا۔ اس کے بعد انہوں نے ملک کے 4 میٹروپولیٹن شہروں کے درمیان 110 دنوں میں 6000 کلومیٹر سے زیادہ کی دوڑ لگائی۔ صوفیہ نے منالی سے لیہہ  کے درمیان صرف 7 دنوں میں 480 کلومیٹر کی دوری طے کر کے یہ ثابت کر دیا کہ مشکل حالات صرف دماغی خلل ہے۔

صوفیہ خان کو شروع میں کافی مشکل لگتا تھا، لیکن اب انہیں یہ سب آسان لگنے لگا ہے۔ انہیں اپنے خواب پورے کرنے میں شوہر وکاس کا بھی پورا ساتھ ملا ہے، جو ان کے ٹرینربھی ہیں اور ہر دوڑ میں ان کے ساتھ رہتے ہیں۔ صوفیہ کی دیرینہ خواہش ہے کہ وہ دوڑ کر پوری دنیا کا چکر لگائیں، لیکن اس کے لیے کافی پیسے کی ضرورت پڑے گی۔ اس سلسلے میں انھوں نے کراؤڈ فنڈنگ کی مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔