ہندوستان میں کورونا وائرس کا قہر اب تک تھما نہیں ہے۔ اس درمیان ملک میں کورونا سے ہوئی اموات کو لے کر بھی بحث جاری ہے اور کہا جا رہا ہے کہ سرکار کے ذریعہ جاری تعداد سے کہیں زیادہ لوگ اس وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ اس تعلق سے طبی ماہرین اور ماہرین معیشت کی ایک ٹیم نے اسٹڈی کیا جس میں انکشاف ہوا ہے کہ واقعی ہندوستان میں کورونا سے ہونے والی اموات رپورٹ کی گئی اموات کے مقابلے میں چار سے گیارہ گنا تک زیادہ ہو سکتی ہے۔

نیوز ویب سائٹ ’ڈکن ہیرالڈ‘ پر اس تعلق سے ایک رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وبائی معاملوں کے ماہر بھرامر مکھرجی کی قیادت میں ایک ٹیم نے کورونا انفیکشن سے ہونے والی اموات پر اسٹڈی کیا۔ اس سے جو نتیجہ سامنے آیا اس کو اموات کی سرکاری تعداد سے ملایا گیا۔ ماہرین کی ٹیم کے وبا سائنس ماڈل کے مطابق یکم جولائی تک 14 لاکھ اموات ہوئیں۔ ریاستوں میں ہوئی اموات سے اس کو ملانے پر اندازہ ہوا کہ ہندوستان میں 17 لاکھ سے 49 لاکھ اموات ہوئیں۔

یہاں قابل ذکر ہے کہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ہندوستان میں 3.33 کروڑ لوگ کووڈ کی زد میں آئے ہیں اور 4 لاکھ 44 ہزار لوگوں کی اس سے موت ہوئی ہے۔ بھرامر مکھرجی کا کہنا ہے کہ ’’اسٹڈی کے مطابق شرح اموات 0.4 سے 0.5 فیصد معلوم پڑتا ہے۔ لیکن رپورٹ کی گئی اموات کے مطابق یہ تقریباً 0.1 فیصد ہے۔‘‘