گیان واپی مسجد میں سروے اور ویڈیوگرافی پر روک لگانے سے سپریم کورٹ کے انکار کے بعد سنیچر کی صبح دوبارہ سروے ٹیم مسجد پہنچی۔ سول جج (سینئر ڈویژن) عدالت کے حکم پر 14 مئی کی صبح 8 بجے سروے شروع ہوا جو طے وقت کے مطابق 4 گھنٹے یعنی دوپہر 12 بجے تک چلے گا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پہلے ریڈ زون کے اندر سروے کا عمل پورا کرایا جانا ہے۔ سروے کے لیے پہنچی ٹیم کے ہمراہ مدعی اور مدعا علیہ کے وکیلوں کے ساتھ ساتھ کورٹ کمیشن کے لوگ بھی موجود ہیں۔
سروے کے دوران کسی طرح کا ہنگامہ نہ ہو، اس کے لیے سیکورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ نے گیان واپی مسجد کے 500 میٹر علاقے میں سبھی دکانوں کو بند کرا دیا ہے۔ علاقے میں آنے والے ہر فرد پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ ریڈ زون کے اندر سروے کے دوران مخالفت کرنے والوں کو روکنے کی بھی مکمل تیاری ہے۔ میڈیا اہلکاروں کو گیان واپی مسجد احاطہ کے آس پاس جانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ انھیں کاشی وشوناتھ مندر کے گیٹ نمبر 4 کے دونوں طرف روک دیا گیا ہے۔
غور طلب ہے کہ 13 مئی کو گیان واپی مسجد میں نمازِ جمعہ کے لیے نمازیوں کی زبردست بھیڑ جمع ہوئی تھی۔ اس بھیڑ کو قابو کرنے میں پولس کے پسینے چھوٹ گئے۔ نمازیوں کی طے تعداد کے بعد پہنچنے والے لوگوں کو واپس کر دیا گیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ اتنی بھیڑ اب تک عید کی نماز کے لیے جمع ہوتی تھی۔